کوئٹہ چیمبر آف کامرس میں ٹی ڈی اے پی کا خواتین کاروباری افراد کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام

کوئٹہ: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کوئٹہ کے زیرِ اہتمام خواتین کاروباری افراد کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا مقصد خواتین کاروباری افراد کو جدید ڈیجیٹل ذرائع سے روشناس کرانا، آن لائن کاروبار کو فروغ دینا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے عملی رہنمائی دینا تھا۔
ابتدائی کلمات TDAP کوئٹہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف ابڑو نے پیش کیے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت اور خواتین کاروباری افراد کے لیے جدید ڈیجیٹل ذرائع سے استفادے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ TDAP پورے ملک میں کاروباری خواتین کی استعدادِ کار بڑھانے اور ان کے کاروبار کو برآمدات کے معیار پر لانے کے لیے پوری طرح کام کر رہا ہے۔
موبائل فون سے آن لائن مارکیٹنگ تک
تربیتی نشست میڈم حریم نے منعقد کی، جس میں شرکاء کو موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے مؤثر استعمال، آن لائن مارکیٹنگ، سوشل میڈیا کے ذریعے کاروباری تشہیر، مصنوعات کی مؤثر ڈیجیٹل نمائش، صارفین تک رسائی اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروبار کو وسعت دینے کے مختلف طریقے بتائے گئے۔
شرکاء کو عملی طور پر یہ بھی سکھایا گیا کہ کم وسائل کے ساتھ ڈیجیٹل ذرائع بروئے کار لا کر اپنی مصنوعات اور خدمات کو وسیع تر صارفین تک کیسے پہنچایا جا سکتا ہے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں کے کاروباری مواقع سے کیسے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ خواتین کاروباری افراد نے پروگرام میں بھرپور شرکت کی اور ڈیجیٹل ذرائع سے اپنا کاروبار بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
اختتامی کلمات کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی نے پیش کیے۔ انہوں نے خواتین کاروباری افراد کی استعدادِ کار بڑھانے اور انہیں جدید کاروباری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کی اہمیت اجاگر کی اور TDAP کے اقدام کو سراہا۔
منتظمین کے مطابق خواتین کاروباری افراد میں ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ انہیں اپنا کاروبار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، نئی مقامی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور معاشی طور پر مزید بااختیار بننے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











