گوادر میں کمزور موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ تعطل: ڈی سی نقیب اللہ کاکڑ کا پی ٹی اے اور سیلولر کمپنیوں کے ساتھ اجلاس

گوادر: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے شہریوں کی جانب سے موبائل سگنلز، وائس کالز اور انٹرنیٹ سروسز میں بار بار تعطل اور کمزور سگنلز کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی اے، پی ٹی سی ایل اور تمام سیلولر کمپنیوں کو مراسلہ ارسال کیا۔
اس کے بعد پی ٹی اے کی تکنیکی ٹیم اور یوفون، زونگ، جاز و ٹیلی نار سمیت تمام کمپنیوں کے نمائندوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سروسز کی موجودہ صورتحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور کمپنیوں کو اپنے ٹاورز، سروس کوریج، فعال و غیر فعال سائٹس اور صارفین کا مکمل تکنیکی ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ عوامی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے ہوئے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی رفتار، معیار اور تسلسل بہتر بنایا جائے اور تکنیکی خرابیوں کا مستقل تدارک کیا جائے، تاکہ گوادر کے شہریوں کو رابطوں، کاروبار، فری لانسنگ، آن لائن تعلیم، بینکنگ اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے قابلِ اعتماد مواصلاتی سہولیات میسر رہیں۔ فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر آئندہ اجلاس میں مزید عملی اقدامات طے کیے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











