گوادر ایمبولینس سروس: جنوری 2022 سے اگست 2026 تک 4 ہزار 154 افراد کو طبی و ریسکیو خدمات

گوادر: چیئرمین نسیم موسی کی گوادر ایمبولینس سروس ضلعی انتظامیہ گوادر، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA)، عوام اور مخیر حضرات کے تعاون سے شہریوں کو بروقت طبی و امدادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ حکومت بلوچستان کی صحتِ عامہ اور ہنگامی حالات میں فوری طبی رسپانس کی پالیسی کے تحت جاری اس منصوبے کے ذریعے جنوری 2022 سے اگست 2026 تک مجموعی طور پر 4 ہزار 154 افراد کو طبی، امدادی اور ریسکیو خدمات دی گئیں، جبکہ صرف اگست 2026 میں 100 کیسز میں ایمبولینس فراہم کی گئی۔
اگست 2026 کی کارکردگی
تفصیلات کے مطابق اگست میں گوادر ایمبولینس سروس نے 67 ایمرجنسی مریضوں، 15 زچگی کے کیسز، 6 حادثات اور 12 میتوں کی منتقلی کے لیے خدمات انجام دیں۔ ان میں 84 مریض گوادر شہر، 14 شہر سے باہر کے علاقوں اور 2 تربت شہر سے متعلق تھے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2022 سے 31 اگست 2026 تک سروس نے 2 ہزار 585 ایمرجنسی مریضوں، 523 زچگی کے کیسز، 418 حادثات اور 584 میتوں کی منتقلی سمیت 4 ہزار 110 کیسز نمٹائے، جبکہ گوادر میں سیلاب کے دوران 44 افراد کو ریسکیو کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس سے مجموعی مستفید افراد کی تعداد 4 ہزار 154 ہو گئی۔
اسی عرصے میں گوادر مردہ خانہ کی جانب سے 34 میتوں (33 مرد اور ایک خاتون) کو تدفین سے قبل ضروری خدمات دی گئیں، جبکہ جنوری 2023 سے اگست 2026 تک 24 میتوں کی غسل اور کفن پوشی کی خدمات بھی انجام دی گئیں۔
یہ کارکردگی شہریوں کو بروقت طبی امداد، ہنگامی حالات میں فوری رسپانس اور بلاامتیاز انسانی خدمت کے عزم کی عکاس ہے، جبکہ عوام، مخیر حضرات، ضلعی انتظامیہ اور جی ڈی اے کے تعاون سے اس خدمت کا دائرہ مزید مؤثر اور وسیع بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











