ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا بلوچستان یونیورسٹی میں زیر تعمیر ای کامرس و آئی ٹی لیب کا دورہ

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ اور ایکسین سٹی کے ہمراہ بلوچستان یونیورسٹی میں قائم کی جانے والی جدید ای کامرس و آئی ٹی لیب کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں، جدید آئی ٹی آلات کی فراہمی و تنصیب، لیب کی اپ گریڈیشن، مرمت و تزئین اور مجموعی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام کام منظور شدہ معیار، اسپیسفکیشنز اور مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیے جائیں اور جدید آئی ٹی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیب طلبہ کے لیے ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور آن لائن کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، اس لیے متعلقہ ادارے بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون مزید مؤثر بنائیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











