سوراب: جامع مسجد الفلاح تبلیغی مرکز میں نمازِ جمعہ کے بعد گرینڈ کھلی کچہری، ڈپٹی کمشنر نے عوامی مسائل سنے

سوراب: بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیرِ صدارت جامع مسجد الفلاح تبلیغی مرکز میں گرینڈ کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
ایف سی بلوچستان 61 ونگ کے کمانڈر کرنل سید فخر رفیق طلحہ، ایس پی سوراب خورشید احمد بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر گدر عبدالجبار بگٹی، ضلعی افسران، علماء، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافیوں، طلبہ اور عوام نے اجتماعی طور پر نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کھلی کچہری میں شرکت کی۔
شہریوں نے امن و امان، تعلیم، صحت، صاف پانی، بجلی، اسپورٹس، اسٹریٹ لائٹس اور مدارس کے لیے شمسی توانائی سمیت مختلف مسائل پیش کیے، جن پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ BSDI کے تحت ضلع سوراب میں عوامی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور عوامی ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں میں ترقیاتی و فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے افسران کو عوامی مسائل پر سنجیدگی سے عملدرآمد اور بروقت پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کھلی کچہری کے اختتام پر ملک و قوم، بلوچستان میں امن و استحکام اور ضلع سوراب کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











