سلمان خان نے والدین کی شادی پر نانا کی ناراضی کی وجہ بتا دی

ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنے والد سلیم خان اور والدہ کی شادی کے موقع پر نانا کی ناراضی اور والدین کے جھگڑوں میں ان کے کردار کے بارے میں پہلی بار بات کی۔ انہوں نے اسے لوگوں کے لیے زندگی کا ایک سبق قرار دیا۔
رئیلٹی شو بگ باس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ والدین کی شادی کے وقت مذہبی حوالے سے کوئی قدغن نہیں تھی، لیکن ان کے نانا اس بات پر ناراض تھے کہ ایک خوب صورت آدمی اداکار بننا چاہ رہا ہے اور بیٹی کی شادی فلم انڈسٹری میں ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق نانا کو صرف اسی بات پر اعتراض تھا، جبکہ والدہ کے بہن بھائی خوش تھے اور والد کو پسند کرتے تھے۔ نانا کا خیال تھا کہ ان کی بیٹی اس ماحول میں کیسے رہے گی۔
پانچ سال بعد ندامت
سلمان خان نے بتایا کہ ان کے نانا نے ان کے والد سے 5 سال تک بات نہیں کی۔ جب سہیل پیدا ہوئے تو وہ جلیبی کا ایک ڈبہ لے کر باندرا کے گھر آئے اور ندامت ظاہر کی کہ ان سے بہت بڑی غلطی ہوئی، وہ اپنے نواسوں کو بڑے ہوتے نہیں دیکھ پائے اور ایک اچھے انسان سے بات کرنے کا موقع ضائع کیا کیونکہ ان کے دماغ میں کچھ چل رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نانا کو مرتے دم تک یہ ندامت رہی کہ انہوں نے 5 سال ضائع کر دیے اور سلیم خان سے بات نہیں کی۔
جھگڑوں کا ذکر
والدین کے جھگڑوں کا ذکر کرتے ہوئے سلمان خان نے بتایا کہ ایک آدھ بار جب والدین کا جھگڑا ہوا اور والدہ میکے گئیں تو نانا نے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے گھر واپس چلی جاؤ، یہ تمہارا گھر ہے اور کبھی بھی آ سکتی ہو، لیکن جھگڑا کر کے یہاں نہیں آؤ گی۔











