سربندن: مولانا ہدایت الرحمن کا گرلز انٹر کالج کی طالبات کے لیے کمپیوٹرز، یونیفارم اور کتب کی فراہمی کا اعلان

سربندن: رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ طالبات تعلیم، محنت اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں اور اساتذہ کی رہنمائی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مستقبل میں اپنے علاقے، صوبے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ محنت، خلوص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ طالبات کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔
وہ گورنمنٹ گرلز انٹر کالج سربندن میں طالبات کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے طالبات کے لیے ایک ہفتے کے اندر کمپیوٹرز فراہم کرنے، یونیفارم کے لیے نقد معاونت دینے اور کتب کی فراہمی کے لیے ضروری انتظامات کرنے کا اعلان کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں کی طالبات کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں کو درکار سہولیات کی فراہمی اور طالبات کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طالبات نے حمد و نعت پیش کی۔ میزبانی اور مختلف پروگرامز میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا اور تقاریر کے ذریعے تعلیم کی اہمیت، خواتین کی تعلیم اور معاشرے کی ترقی میں تعلیم یافتہ خواتین کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔ طالبات نے سربندن جیسے دور افتادہ علاقے میں گرلز انٹر کالج کے قیام کو بچیوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا اور کالج کے قیام، مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی دلچسپی اور عملی اقدامات کو سراہا۔
کالج کی پرنسپل نے مہمانِ خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مختصر عرصے میں کالج کا دو مرتبہ دورہ کر کے طالبات کے مسائل اور ضروریات کا جائزہ لیا اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ دستیاب تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے طالبات کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











