جعفرآباد: اسسٹنٹ کمشنر کا پیٹرول پمپس کا اچانک معائنہ، وزیر اعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کے ٹوکنز کی جانچ

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر جھٹ پٹ دھیرج کالرا نے شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران پیٹرول کی دستیابی، پیمائش و گیج، مقررہ نرخنامے اور نرخوں کی نمایاں آویزاں سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے وزیر اعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت جاری کردہ ٹوکنز اور متعلقہ ریکارڈ بھی چیک کیا اور پمپ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ ٹوکنز اور ریکارڈ میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے۔
انہوں نے پیٹرول پمپس پر پیمائش کے نظام اور ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ عوام کو مقررہ نرخوں کے مطابق معیاری اور درست مقدار میں پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر دھیرج کالرا نے واضح کیا کہ پیٹرول پمپس پر نرخنامہ نمایاں طور پر آویزاں رکھنا، درست پیمائش، مقررہ نرخوں کی پابندی اور وزیر اعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر شفاف طریقہ کار کے تحت عملدرآمد لازمی ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور پیٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











