جامعہ بلوچستان کے شعبہ صحافت نے نیشنل کلائمیٹ جسٹس یوتھ فلم فیسٹیول میں مسلسل دوسری بار پہلی پوزیشن جیت لی

کوئٹہ: نیشنل کلائمیٹ جسٹس یوتھ فلم فیسٹیول میں جامعہ بلوچستان کے شعبہ صحافت کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اسلام آباد میں منعقدہ فیسٹیول میں ملک بھر کی سات جامعات کے طلبہ نے شرکت کی، جہاں موسمیاتی تبدیلی، الیکٹرک گاڑیوں اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے موضوعات پر دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں۔ جامعہ بلوچستان کے شعبہ صحافت کے طلبہ تحریم معظم، ماہ نور فاطمہ، خالد زبیر اور محمد سمیع پر مشتمل ٹیم نے بہترین دستاویزی فلم پیش کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی نے دوسری اور یونیورسٹی آف سندھ جامشورو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فیسٹیول میں پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان اور جامعہ بلوچستان کوئٹہ کے طلبہ شریک ہوئے۔
فیسٹیول کے تحت منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ میں حکومت، جامعات، مالیاتی اداروں، صنعت اور ترقیاتی شعبے کے نمائندوں نے الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ، دو اور تین پہیہ گاڑیوں کی برقی منتقلی، فنانسنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور پائیدار نقل و حمل سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
واضح رہے کہ جامعہ بلوچستان کے طلبہ نے گزشتہ سال بھی اس فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، اور رواں سال کی کامیابی کے ساتھ شعبہ صحافت کے طلبہ نے مسلسل دوسری مرتبہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ فیسٹیول میں جامعہ بلوچستان کے وفد کی قیادت چیئرمین میڈیا ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد فہیم بلوچ نے کی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











