بیوٹمز کوئٹہ میں فوٹوگرافی، خاکہ نگاری اور پینٹنگ مقابلہ، فن پاروں سے بلوچستان میں پانی کے تحفظ کا پیغام

کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) میں فوٹوگرافی، خاکہ نگاری اور پینٹنگ کے مقابلے اور نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد فنونِ لطیفہ کے ذریعے بلوچستان میں پانی کے انتظام، زراعت، لائیوسٹاک اور رینج لینڈز سے متعلق عوامی شعور اور آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
یہ تقریب «آگاہی بڑھانے اور نالج مینجمنٹ پراجیکٹ» کے تحت منعقد کی گئی، جسے یورپی یونین (EU) نے ریوائیول آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام (RBWRP) کے تحت مالی معاونت فراہم کی ہے، جبکہ منصوبے پر BUITEMS نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) پاکستان کے تعاون سے عملدرآمد کیا۔
تقریب میں وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرو وائس چانسلر میر وائس کاسی، رجسٹرار جمال مصطفیٰ، ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید دارا شکوہ امیر، ڈائریکٹر آئی سی آر ایم ایس اینڈ کوالٹی ڈاکٹر زاہد رؤف اور ٹیم لیڈ پروفیسر ڈاکٹر جان محمد سمیت اساتذہ، طلبہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
فن پاروں میں پانی، زراعت اور ماحول
نمائش میں طلبہ اور نوجوان فنکاروں نے بلوچستان کے منفرد جغرافیائی، ماحولیاتی اور زرعی حالات پر تصاویر، خاکے اور پینٹنگز پیش کیں، جن کے ذریعے صوبے میں پانی کی اہمیت، محدود آبی وسائل، پانی کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال، زرعی سرگرمیوں، لائیوسٹاک، قدرتی چراگاہوں اور ماحول کے تحفظ کو اجاگر کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں پانی انتہائی اہم قدرتی وسیلہ ہے اور صوبے کی زراعت، لائیوسٹاک، معیشت اور ماحولیاتی توازن کا براہِ راست انحصار پانی کے مؤثر انتظام پر ہے۔ محدود آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے جدید علم، تحقیق، بہتر منصوبہ بندی اور عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو پانی کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال سے آگاہ کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور فوٹوگرافی، خاکہ نگاری اور پینٹنگ جیسے تخلیقی ذرائع نوجوانوں کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے ساتھ پیچیدہ ماحولیاتی و سماجی مسائل کو عام فہم انداز میں عوام تک پہنچاتے ہیں۔ شرکاء نے طلبہ کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا۔
منتظمین کے مطابق اس سرگرمی کا بنیادی مقصد بلوچستان کے آبی و قدرتی وسائل سے متعلق معلومات عام کرنا، شعور اجاگر کرنا اور نوجوانوں کو صوبے کے اہم ماحولیاتی و معاشی مسائل سے جوڑنا ہے۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











