بلوچستان سول سروسز اکیڈمی کی 8ویں ایڈہاک نصابی کمیٹی نے تین تربیتی پروگراموں کے نصاب کی منظوری دے دی

کوئٹہ: بلوچستان سول سروسز اکیڈمی (BCSA) کوئٹہ میں 8ویں ایڈہاک نصابی کمیٹی کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل بی سی ایس اے ڈاکٹر حفیظ احمد جمالی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اعلیٰ سرکاری حکام، ماہرینِ تعلیم اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ مواصلات، تعمیرات، فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے انجینئرز/سب ڈویژنل آفیسرز کے لیے 12 ہفتوں کے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام، محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے سپرنٹنڈنٹس و آفس کوآرڈینیٹرز کے لیے 8 ہفتوں کے پروگرام اور اسسٹنٹ کمشنرز و سیکشن آفیسرز کے لیے پہلے پری سروس تربیتی پروگرام کے نصاب پر غور کے بعد منظوری دی گئی۔
اجلاس میں دوستین خان جمالدینی، عبداللہ خان، ڈاکٹر جاوید انور شاہوانی، ڈاکٹر فیصل خان، سید غوث علی شاہ، رحمت اللہ چانگیزی اور نذر محمد کاکڑ سمیت کمیٹی کے اراکین شریک ہوئے، جبکہ محمد رفیق رئیسانی، محمد رفیق اور ڈاکٹر علی نواز بلوچ خصوصی مدعوین کے طور پر شامل تھے۔
تربیتی پروگراموں کا مقصد سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ، انتظامی، تکنیکی اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مؤثر، شفاف اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے لیے ان کی استعدادِ کار بڑھانا ہے۔ اکیڈمی سرکاری افسران کی استعداد اور پیشہ ورانہ معیار کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











