سبی کے سرکٹ ہاؤس میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ پر آگاہی سیمینار، ماں کے دودھ کی اہمیت اجاگر

سبی: ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کے حوالے سے بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام اور یونیسیف کے تعاون سے سرکٹ ہاؤس سبی میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر حاجی بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قادر ہارون، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالستار لانگو سمیت مختلف محکموں کے افسران، نمائندگان اور کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
سیمینار کا مقصد ماں اور بچے کی صحت، غذائیت اور خصوصاً نومولود بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔ مقررین نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کے لیے قدرتی، مکمل اور بہترین غذا ہے جو اس کی نشوونما، قوتِ مدافعت اور صحت مند مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ماؤں پر زور دیا کہ پیدائش کے بعد ابتدائی اوقات میں دودھ پلانے اور پہلے چھ ماہ تک صرف ماں کا دودھ دینے کی اہمیت کو سمجھا جائے۔
مقررین نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی صرف صحت کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی سے جڑا مسئلہ ہے، جس کے تدارک کے لیے محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، ضلعی انتظامیہ، والدین، مذہبی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ غذائی کمی پر قابو پانے کے لیے ماں اور بچے کی مناسب غذائیت، بروقت طبی سہولیات، صاف پانی، صفائی ستھرائی اور والدین میں آگاہی یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرامز کے ذریعے ماں کے دودھ کی اہمیت اور بچوں کی بہتر غذائیت کا پیغام زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر شرکا کو ورلڈ بریسٹ فیڈنگ منتھ کی اہمیت اور ماں و بچے کی غذائی ضروریات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ خواتین نے پروگرام میں بھرپور شرکت کی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











