اورماڑہ: اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ماہ نور برکت کا آر ایچ سی، اسکولوں اور واٹر سپلائی سمیت سرکاری اداروں کا دورہ

اورماڑہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ادارہ جاتی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر اورماڑہ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے تحصیلدار اورماڑہ نور خان بلوچ کے ہمراہ مختلف سرکاری اداروں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران آر ایچ سی اورماڑہ، میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اورماڑہ، زیر تعمیر آئی ٹی سینٹر، گورنمنٹ بوائز انٹر کالج چل گوٹھ اور پی ایچ ای واٹر سپلائی نظام کا معائنہ کیا گیا۔
صحت مراکز اور تعلیمی ادارے
اسسٹنٹ کمشنر نے دورے کا آغاز آر ایچ سی اورماڑہ سے کیا، جہاں طبی سہولیات، اسٹاف کی حاضری، ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات، صفائی کی صورتحال اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر اورماڑہ کے دورے کے دوران زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق سہولیات، طبی عملے کی کارکردگی اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر ماہ نور برکت نے عملے سے درپیش مسائل معلوم کیے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اورماڑہ کے دورے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، کلاس رومز، واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور وقت کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گزی لین میں زیر تعمیر آئی ٹی سینٹر کا بھی جائزہ لیا اور کام کی رفتار اور معیار کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں گورنمنٹ بوائز انٹر کالج چل گوٹھ میں حال ہی میں نصب کیے گئے سولر سسٹم کا معائنہ کیا گیا اور اس کی فعالیت کا جائزہ لیا گیا تاکہ تعلیمی ادارے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
صاف پانی کی فراہمی
دورے کے آخری مرحلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے پی ایچ ای اورماڑہ کے مرکزی واٹر سپلائی نظام، مین ٹینکی، پمپنگ اسٹیشن اور انجن روم کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف اور مسلسل پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام تکنیکی امور پر خصوصی توجہ دی جائے اور نظام کی مؤثر دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر ڈاکٹر ماہ نور برکت نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کو صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا مقصد عوامی خدمات کا معیار بہتر بنانا، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانا اور عوام کے مسائل کا فوری ازالہ کرنا ہے، اور عوامی مفاد کے منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











