نصیرآباد کی تحصیل میر حسن میں کھلی کچہری، شہریوں نے تعلیم، صحت اور سڑکوں کے مسائل پیش کیے

نصیرآباد: ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی ہدایت پر عوامی مسائل کے فوری حل اور ضلعی انتظامیہ سے براہِ راست رابطے کو مؤثر بنانے کے لیے تحصیل میر حسن میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ اور اسسٹنٹ کمشنر چھتر بشیر احمد نے مشترکہ طور پر کی۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل بلاجھجھک تحریری اور زبانی طور پر پیش کیے۔ عوام نے تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری، ادویات کی دستیابی، ایمبولینس سروس کی فراہمی، فائر بریگیڈ کے قیام، تعلیمی نظام کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم اور امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر بنیادی مسائل کی نشاندہی کی۔
کھلی کچہری میں تمام ضلعی محکموں کے سربراہان اور ان کے نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے موقع پر ہی متعدد مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے، جبکہ بعض مسائل متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کے لیے بھجوا دیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کھلی کچہریاں عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان براہِ راست اور مؤثر رابطے کا بہترین ذریعہ ہیں، جن کے ذریعے شہری اپنے مسائل بغیر کسی رکاوٹ کے پیش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں سامنے آنے والے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے۔ انتظامیہ عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











