پشین پولیس نے تین ہفتے قبل لاپتہ ہونے والا کمسن بچہ وکیل احمد کوئٹہ سے بازیاب کرا لیا

پشین: ایس ایس پی پشین کیپٹن ریٹائرڈ نوید عالم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ او چوہدری ادریس نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین ہفتے قبل پشین کے علاقے غرشینان روڈ سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے کمسن بچے وکیل احمد کو کوئٹہ کے سبزل روڈ سے بازیاب کرا لیا اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد والدہ کے حوالے کر دیا۔
ایس ڈی پی او سید عظمت حسین شاہ گیلانی نے میڈیا ہاؤس پشین کے نمائندوں کو بریفنگ میں بتایا کہ بچے کو تین ہفتے قبل مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد والدہ نے متعلقہ تھانے میں اطلاعی رپورٹ درج کرائی۔ بعد ازاں ایس ایچ او چوہدری ادریس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔
گزشتہ روز پشین پولیس نے کارروائی کر کے بچے کو باحفاظت بازیاب کرایا اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بیٹے کی بازیابی پر والدہ نے پولیس کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











