مچھ میں انسپکٹوریٹ آف مائنز کا کان کنوں کے لیے ایک روزہ حفاظتی تربیتی پروگرام

مچھ: انسپکٹوریٹ آف مائنز مچھ کے زیرِ اہتمام مائنز ورکرز کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے، حفاظتی اصولوں پر مؤثر عمل درآمد اور کان کنی کے دوران حادثات کی روک تھام کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔
انسپکٹر آف مائنز مچھ قربان علی عمرانی، الیکٹرک انسپکٹر آف مائنز مچھ عارف حسین اور جونیئر انسپکٹر آف مائنز مچھ محمد اسامہ نے کان کنوں کو کان کنی کے دوران حفاظتی تدابیر، مشینری اور برقی آلات کے محفوظ استعمال، ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور حادثات سے بچاؤ کی تفصیلی تربیت دی۔
ماہرین نے زور دیا کہ کان کنی کے دوران حفاظتی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی انسانی جانوں کے تحفظ اور محفوظ ماحول کے لیے ناگزیر ہے۔ کان کنوں کو عملی احتیاطی تدابیر اور کام کے دوران ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو روزمرہ پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا گیا۔ مائنز ورکرز نے پروگرام میں بھرپور دلچسپی لی اور مختلف امور پر سوالات بھی کیے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











