ڈیرہ مراد جمالی: ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے ہندو جنرل پنچایت کی نومنتخب کابینہ سے حلف لیا

ڈیرہ مراد جمالی: ہندو جنرل پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کی جانب سے ہندو محلہ کے شادی ہال میں پروقار تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پنچایت کی متفقہ طور پر منتخب ہونے والی تین سالہ نئی کابینہ کے عہدیداران سے حلف لیا۔
کابینہ میں مکھی مانک لال پریانی چیئرمین، ہپل داس اجوانی وائس چیئرمین، سیٹھ تارا چند کالرا صدر اور گھنشام داس ککریجا سینئر نائب صدر سمیت دیگر عہدیداران شامل ہیں۔ تقریب میں ہندو برادری کے معززین، پنچایت کے اراکین، نوجوانوں اور مختلف شعبوں کے افراد نے شرکت کی۔
"حلف محض چند الفاظ نہیں، ذمہ داری کا عہد ہے"
ڈپٹی کمشنر نے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حلف محض چند الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ اہم ذمہ داری، عہد اور اعتماد کی علامت ہے۔ نومنتخب عہدیداران ہندو برادری کی فلاح و بہبود، اجتماعی مسائل کے حل اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔ ہندو جنرل پنچایت ایک اہم نمائندہ فورم ہے، اس لیے اراکین باہمی اتحاد اور مشاورت سے برادری کے مسائل متعلقہ فورمز تک پہنچائیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اقلیتی برادری کی جائز مشکلات کے ازالے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال اور جدید دور کے تقاضوں کے پیش نظر نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم ناگزیر ہے۔ پاکستان میں اقلیتی برادری آبادی کا اہم حصہ ہے اور ماضی میں ہندو برادری نے کاروبار اور تجارت میں نمایاں خدمات انجام دیں، تاہم آج کا دور مسابقت اور جدید تعلیم و مہارت کا ہے، اس لیے نوجوان تجارت کے ساتھ تعلیم، ٹیکنالوجی، جدید ہنر اور پیشہ ورانہ شعبوں میں بھی آگے بڑھیں۔ والدین، بزرگوں اور نمائندہ اداروں کو نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور رہنمائی پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران نے عزم ظاہر کیا کہ وہ باہمی اتحاد اور اجتماعی سوچ کے ساتھ برادری کے مسائل کے حل، فلاح و بہبود، تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور معاشرے میں بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کی فضا کو مضبوط بنائیں گے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











