ڈیرہ مراد جمالی کا 2 ارب 50 کروڑ روپے کا ترقیاتی پیکج: کمشنر نصیرآباد کا معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان

نصیرآباد: کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت انٹیگریٹڈ ڈیولپمنٹ پیکج برائے ڈیرہ مراد جمالی (مربوط ترقیاتی پیکج) کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سب ڈویژنل افسران عابد علی پہنور اور سجاد علی عمرانی سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
منصوبے میں کیا شامل ہے
پروجیکٹ کوآرڈینیٹر صالح شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ پیکج کے تحت شرقی سائیڈ پر 22 کلومیٹر بلیک ٹاپ سڑکیں، مختلف قطر کی پائپ لائنوں سمیت 26 کلومیٹر نئی واٹر سپلائی لائنیں، ایک پمپنگ اسٹیشن، دو واٹر ٹینک، دو اسٹوریج ٹینک، 30 ہزار گیلن گنجائش کا اوور ہیڈ ٹینک اور 23 کلومیٹر سے زائد جدید سیوریج سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ سات سولرائزڈ پمپنگ اسٹیشن بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ اجلاس کو منصوبے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
کمشنر صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی شرقی سائیڈ پر تقریباً 2 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری پروجیکٹ عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا، اس لیے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بالخصوص پینے کے صاف پانی، سیوریج نظام اور نالوں کی گریڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے، منصوبے کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











