گوادر: پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹر مرشد دشتی کا بی ایچ یو چب کلمتی، نگور شریف اور مونڈی کا مانیٹرنگ دورہ

گوادر: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور حکومتِ بلوچستان کی صحت عامہ سے متعلق پالیسی کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی گوادر ڈاکٹر مرشد دشتی نے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M&E) آفیسر صابر حیاتان کے ہمراہ بنیادی مراکزِ صحت (BHU) چب کلمتی، نگور شریف اور مونڈی کا تفصیلی مانیٹرنگ دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے طبی و پیرامیڈیکل عملے کی حاضری، او پی ڈی رجسٹر، ای پی آئی سائٹس، ادویات کے ریکارڈ، طبی سہولیات کی دستیابی اور مجموعی انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مراکزِ صحت کو ضروری ادویات بھی فراہم کی گئیں تاکہ مقامی آبادی کو علاج معالجے میں دشواری کا سامنا نہ ہو۔
ڈاکٹر مرشد دشتی نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کو خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں بہترین طبی خدمات فراہم کی جائیں، ادویات کا شفاف ریکارڈ برقرار رکھا جائے اور حفاظتی ٹیکہ جات سمیت تمام قومی صحت پروگراموں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومتِ بلوچستان دور افتادہ علاقوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، بنیادی مراکزِ صحت کو فعال رکھنے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ پی پی ایچ آئی گوادر بھی اسی وژن کے تحت مسلسل نگرانی اور اصلاحی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











