حب: ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس، غیر حاضر طبی عملے کی تنخواہوں میں کٹوتی اور برطرفی کی سفارشات منظور

حب: ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی (DHC) کا ماہانہ اجلاس ڈپٹی کمشنر حب کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس حب میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کے ضلعی افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال، رورل ہیلتھ سینٹرز (RHCs)، بنیادی مراکز صحت (BHUs) اور دیگر طبی مراکز کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، طبی سہولیات کی فراہمی، زچہ و بچہ کی صحت اور حفاظتی ٹیکہ جات سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر حب نے کہا کہ عوام کو معیاری، بروقت اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور محکمہ صحت میں فرائض کی انجام دہی میں غفلت، غیر حاضری اور عوامی خدمت میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری صحت مراکز میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، ادویات اور طبی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جائے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی
اجلاس میں مختلف صحت مراکز سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے قواعد و ضوابط کے مطابق ایسے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔
اجلاس میں دائمی غیر حاضر (Chronic Absentee)، فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی کے مرتکب ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے خلاف سخت تادیبی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی نے ایسے ملازمین کی ملازمت کے خاتمے (Termination) کے لیے متعلقہ حکام کو سفارشات ارسال کرنے کی منظوری دی تاکہ محکمہ صحت میں نظم و ضبط، احتساب اور عوامی خدمت کا معیار مزید بہتر ہو۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے کے مسائل کے مؤثر اور پائیدار حل کے لیے باہمی رابطے، مربوط حکمتِ عملی اور مشترکہ کاوشوں کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع حب کے عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











