کوئٹہ: ظہور بلیدی کی مینا مجید بلوچ کے بھائی کے اغوا کی شدید مذمت
کوئٹہ: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ کے بھائی کے اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی شہری کو خاندانی تعلق یا اس کی بہن کی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
میر ظہور احمد بلیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر کسی کے خاندان کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بلوچ قوم ایسی بزدلانہ کارروائیوں کو مسترد کرتی ہے، جو نہ صرف بلوچ روایات بلکہ انسانی، اخلاقی اور معاشرتی اقدار کے بھی منافی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری کے بنیادی حقوق اور تحفظ کا احترام کیا جانا چاہیے اور سیاسی اختلافات کو ذاتی یا خاندانی دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔











