سوراب: ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ کی صدارت میں ایجوکیشن گروپ کا اجلاس، اساتذہ کی غیر حاضری پر برہمی
سوراب: ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سلمان علی بلیدی، اسسٹنٹ کمشنر دشت گوران ڈاکٹر ثناء اللہ خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد شکیل عالیزئی، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالحق سمیت محکمہ تعلیم کے افسران، آر ٹی ایس ایم، خزانہ افسر، میل و فیمیل ڈی ڈی اوز، ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر کی تعلیمی صورتحال، اساتذہ و عملے کی حاضری، تدریسی معیار، اسکولوں میں بنیادی سہولیات اور کلسٹر بجٹ کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کلسٹر بجٹ کے شفاف اور مقررہ اصولوں کے مطابق استعمال اور اس کے ثمرات طلبہ تک پہنچانے پر خصوصی زور دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے اساتذہ اور عملے کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حاضری میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران کو باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں تعلیمی معیار کی بہتری اور اسکولوں میں نظم و ضبط مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔











