موسیٰ خیل: ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک کا بی ایس ڈی آئی واٹر سپلائی اسکیم تارہ کسور کی جگہ کا معائنہ

موسیٰ خیل: عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ضلع انتظامیہ کی اولیں ترجیح ہے، تعمیراتی کام میں شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خان خجک نے ایکسیئن (XEN) پبلک ہیلتھ کاشف چانڈیو کے ہمراہ ‘بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو’ (BSDI) فیز تھری کے تحت واٹر سپلائی اسکیم “تارہ کسور” کی مجوزہ جگہ کا تفصیلی دورہ کیا اور سائٹ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں عوام کو پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی صوبائی حکومت اور ضلع انتظامیہ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واٹر سپلائی اسکیم کی تعمیر میں اعلیٰ ترین معیار، کامل شفافیت اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق خان خجک نے کہا کہ اسکیم کی جگہ کا انتخاب اور تعمیری عمل اس انداز میں مکمل کیا جائے کہ علاقے کے مکینوں کو درپیش پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔
انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو تاکید کی کہ تمام تر تکنیکی و فنی پہلوؤں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ اس مفادِ عامہ کے منصوبے کے ثمرات بلا تاخیر مقامی آبادی تک پہنچ سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











