خضدار: کمشنر قادر بخش پرکانی نے ڈویژنل پبلک اسکول میں اسپورٹس فیسٹیول ویک کا افتتاح کر دیا

خضدار: کمشنر خضدار ڈویژن قادر بخش پرکانی نے ڈویژنل پبلک اسکول خضدار میں اسپورٹس فیسٹیول ویک کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کر دیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خضدار رحمت بلوچ بھی تھے۔
اسپورٹس فیسٹیول میں بچوں اور بچیوں نے رسہ کشی، رنگ برنگے ٹیبلوز، اسٹیج شوز اور مختلف پروگرام پیش کیے۔ فیسٹیول میں کھانے پینے، کتابوں اور مختلف اشیاء کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔
کمشنر کا خطاب
شریک بچوں، بچیوں، معززین شہر اور دیگر محکموں کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر قادر بخش پرکانی نے کہا کہ اسکول کے بچوں اور بچیوں نے بہت خوبصورت پروگرام پیش کیے، میں انہیں تہ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ بچوں نے عملی طور پر دکھایا کہ بلوچستان خاص کر کوئٹہ کے تمام اسکولوں کی نسبت ڈویژنل پبلک اسکول کے بچوں اور بچیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انشاءاللہ ہم اس اسکول کے بچوں اور بچیوں پر خصوصی توجہ دیں گے اور پورے بلوچستان میں ڈی پی سی کا نام روشن کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خضدار کے اس اسکول کو اس مقام تک لے جائیں گے کہ یہ ہمارا بیکن ہاؤس ہوگا اور ہمارا سٹی اسکول ہوگا اور ہم اسے ان کے برابر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب نے اس مختصر وقت میں دیکھ لیا کہ اسکول کے بچوں اور بچیوں نے کتنے خوبصورت پروگرام پیش کیے اور بہت اچھے طریقے سے حصہ لیا، ہم اس اسکول کو بہت آگے لے جائیں گے کیونکہ یہ ہمارا خضدار اور بلوچستان کا مستقبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرسبز بلوچستان کی سرزمین میں بچوں اور بچیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔
آخر میں انہوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے فٹبال کی ونر ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی اور شاندار اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر فیسٹیول کمیٹی کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر پرنسپل ڈویژنل پبلک اسکول خضدار نائلہ رئیسانی، ایکسیئن بی اینڈ آر سلیم رزاق عمرانی، آل پارٹی شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالحمید ایڈووکیٹ، محمد عالم زہری، ایکسیئن این ایچ اے، فوزیہ بلوچ، وومن ڈویلپمنٹ خضدار کی ڈپٹی ڈائریکٹر روبینہ کریم اور دیگر معززین شہر بھی موجود تھے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











