وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر کے لیے ادویات کی دو کھیپیں پہنچ گئیں

گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر کے لیے ادویات کی دو کھیپیں گوادر پہنچ گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ہسپتال میں ادویات کی دستیابی یقینی بنانا اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے صحتِ عامہ سے متعلق وژن اور عوام دوست پالیسی کے تحت صوبے میں طبی سہولیات کی بہتری، سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی اور عوام کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر کے لیے ادویات کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
ادویات کی آمد سے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ یہ اقدام گوادر کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔
گوادر کے عوامی حلقوں نے ادویات کی فراہمی پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور محکمہ صحت کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صحت کے شعبے میں ایسے اقدامات کا تسلسل برقرار رہے گا، تاکہ عوام کو بروقت علاج اور ضروری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔



تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











