ڈپٹی کمشنر دکی کا ایف سی سکول اینڈ کالج میں زیرِ تعمیر آئی ٹی حب کا معائنہ، معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی نے بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) پروگرام کے تحت ایف سی سکول اینڈ کالج دکی میں زیرِ تعمیر جدید آئی ٹی حب کا تفصیلی دورہ کیا۔ کمانڈر 87 ونگ کرنل شاہد بلال بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے آئی ٹی حب کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کی پیش رفت، معیار اور منصوبے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے استعمال ہونے والے میٹریل، تعمیراتی معیار، ڈیزائن اور منظور شدہ منصوبے کے مطابق جاری سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبے کے تمام امور منظور شدہ ڈیزائن، مقررہ معیار اور تکنیکی تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جائیں، تاکہ عوام اور طلبہ کو دیرپا اور معیاری سہولیات مل سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ BSDI کے تحت جاری منصوبے ضلع دکی میں بنیادی سہولیات، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور جدید آئی ٹی حب جیسے منصوبے طلبہ اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے میں معاون ہوں گے۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس کے ثمرات جلد طلبہ اور علاقے کے عوام تک پہنچ سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











