کیچ میں پولیو کیچ اپ مہم: ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی کا جائزہ اجلاس، مقررہ ہدف کے مطابق کوریج مکمل

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت پولیو مہم کے چوتھے روز کیچ اپ کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں ڈبلیو ایچ او کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر ارسلان درازئی سمیت محکمہ صحت اور پولیو مہم سے متعلق دیگر حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے مہم کی مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ابتدائی دنوں میں رہ جانے والے بچوں کی کیچ اپ وزٹس کے دوران کوریج کی تفصیلات دریافت کیں۔ ڈاکٹر ارسلان درازئی نے بتایا کہ جو بچے ابتدائی دنوں میں قطرے پینے سے رہ گئے تھے انہیں کیچ اپ مہم کے دوران قطرے پلائے گئے اور مقررہ ہدف کے مطابق کوریج مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کیچ سے باہر موجود بچوں کی واپسی پر انہیں بھی قطرے پلانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔
یاسر اقبال دشتی نے رہ جانے والے بچوں کی بروقت نشاندہی اور ان کی ویکسی نیشن یقینی بنانے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کے قومی مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع کیچ میں ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات تسلسل سے جاری رہیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











