ڈی سی کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کوئٹہ کے تمام متعلقہ سرکاری محکموں، لائن ڈیپارٹمنٹس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد ضلع میں سرکاری محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی و انتظامی امور، عوامی سہولیات کی فراہمی، بین المحکمہ رابطہ کاری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ مختلف محکموں کے افسران نے اپنی کارکردگی، جاری منصوبوں، انتظامی امور اور درپیش مسائل پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے بروقت حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں، عوامی فلاح و بہبود کے امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں اور سرکاری خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ لائن ڈیپارٹمنٹس اپنے دائرہ کار میں جاری ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی امور کی باقاعدگی سے نگرانی کریں، محکموں کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید بہتر بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دی جائے۔ عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو سرکاری دفاتر میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ تمام سرکاری محکموں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی اور عوامی مفاد کے امور میں غفلت یا تاخیر کسی صورت نظر انداز نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اجلاس کے فیصلوں پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











