وڈھ کے حاجی میر نیک محمد ریزیڈینشل پبلک اسکول میں یوم دفاع کی تقریب، حاجی ممتاز مینگل مہمان خصوصی

وڈھ: یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر حاجی میر نیک محمد ریزیڈینشل پبلک اسکول وڈھ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی حاجی ممتاز مینگل تھے۔ تقریب میں میر عبدالستار شاہیزئی، میر سلمان کریم رئیسانی، میر عمران نوہکزئی، حاجی میر محمد گزگی، میر ابراہیم مینگل، حاجی نور بارانزئی، پسند خان مینگل، احمد جان رخشانی، میر بلوچ خان سمیت علاقائی معتبرین اور اساتذہ نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعت سے ہوا۔ طلباء نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر صرف تاریخی فتح کا دن نہیں بلکہ جذبہِ سرفروشی اور وطن پر مر مٹنے کی داستان ہے، جب 1965ء میں دشمن نے رات کی تاریکی میں سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو پاک فوج اور قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کے عزائم خاک میں ملا دیے۔
اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کا درس ہے کہ کامیابی وسائل کی کثرت سے نہیں بلکہ ایمان کی پختگی، ہمت اور نظریاتی یکجہتی سے ملتی ہے؛ چاہے چونڈہ میں ٹینکوں کا سب سے بڑا معرکہ ہو یا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی جرات۔ انہوں نے کہا کہ آج قلم اور علم کا دور ہے اور طلباء ہی کل کے معمار ہیں۔
کشمیر اور فلسطین پر اظہار خیال
طلباء نے اردو، عربی اور انگریزی میں خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام پر مظالم کو اجاگر کیا اور عالمی برادری سے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلوانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فلسطین اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت، انسانی بحران اور بے گناہ شہریوں، بچوں اور خواتین پر مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مقررین نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ، خاص طور پر میر شفیق الرحمٰن مینگل کی کاوشوں کو سراہا جو بچوں کی شخصیت سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ آخر میں نمایاں طلباء میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور ملک کی سلامتی اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











