ڈپٹی کمشنر چمن کی زیر صدارت اجلاس: BSDI فیز تھری اور شہر کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ

چمن: ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی کی زیر صدارت ڈی سی آفس چمن میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے سول و فوجی افسران اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری اداروں کی کارکردگی، تفویض کردہ ٹاسکس، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تعلیمی اداروں، محکمہ صحت، میونسپل سروسز، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، BSDI فیز تھری کے تحت جاری ترقیاتی کاموں اور چمن شہر کی تزئین و آرائش اور صفائی ستھرائی کے اقدامات پر افسران نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اداروں کے درمیان باہمی رابطہ، تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ عوامی مسائل بروقت حل ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، معیاری مٹیریل استعمال کیا جائے اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات، میونسپل سروسز، صفائی ستھرائی اور شہری ترقی سے متعلق امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی تاکہ جاری منصوبوں کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











