ایف سی کے شہید جوان غلام رسول کٹبار کی نمازِ جنازہ جعفرآباد میں فوجی اعزاز کے ساتھ ادا

جعفرآباد: ڈیرہ اللہ یار کے سپوت اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوان غلام رسول کٹبار نے وطن عزیز کی حفاظت کے دوران جامِ شہادت نوش کر لیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ جعفرآباد میں پورے اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں ایف سی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
نمازِ جنازہ میں کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی، کمانڈنٹ عثمان اسلم، ایف سی کے کرنل رضوان طیب، ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر صلاح الدین نورزئی، کمانڈنٹ عثمان اسلم، کرنل رضوان طیب اور ڈپٹی کمشنر خالد خان نے کہا کہ ملک کی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام رسول کٹبار نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جس جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ سیاسی و سماجی شخصیات اور قبائلی عمائدین نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں شہید خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











