گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کی ماڈرنائزیشن: 12 ارب کا منصوبہ، پانچ کمپنیوں کو ہانگ کانگ کنونشن سرٹیفکیشن

گڈانی: عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے گڈانی کا ایک روزہ دورہ کیا۔ دورے میں وفاقی سیکرٹری چوہدری ندیم اسلم ان کے ہمراہ تھے۔ گڈانی آمد پر اسکول کی بچیوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے، جبکہ صوبائی وزیر ظہور بلیدی اور دیگر نے مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل کے دورے کے موقع پر بی ڈی اے کمپلیکس گڈانی میں شپ ری سائیکلنگ پروجیکٹ سے متعلق تقریب منعقد ہوئی۔
12 بلین کا ماڈرنائزیشن منصوبہ
وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ چوہدری سالک حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے 12 بلین کی لاگت سے شپ بریکنگ انڈسٹری کی ماڈرنائزیشن کے منصوبے پر کام جاری ہے اور ہانگ کانگ کنونشن کے تحت یہ عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اور فخر کا لمحہ ہے۔ پاکستان اور آئی ایل او کے مابین گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کی ماڈرنائزیشن کے معاہدے پر دستخط کے بعد HKC کمپلائنس سرٹیفیکیشن کے لیے پاکستان کی پانچ کمپنیوں کو سرٹیفکیشن کا اجرا ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔ یہ صرف ایک کامیابی نہیں بلکہ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اس عزم کی عکاسی ہے جو محفوظ، ماحول دوست اور بین الاقوامی معیار کی شپ ری سائیکلنگ کی طرف پہلا قدم ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان حکومت، پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن اور بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ حکام نے اس کامیابی کے لیے کوششیں کیں، جبکہ شپ بریکنگ انڈسٹری کی مزید سترہ کمپنیاں سرٹیفکیشن کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت کا یہ عزم دہرایا کہ اس سیکٹر کی ترقی کے لیے حکومت ہر سطح پر تعاون اور کوششیں جاری رکھے گی۔
گرین یارڈ کی جانب پیش رفت
صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہانگ کانگ کنونشن کے تحت ہم شپ ری سائیکلنگ اور گرین یارڈ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ گڈانی پاکستان کا صنعتی اثاثہ ہے، جہاں دہائیوں سے شپ ری سائیکلنگ کا عمل جاری ہے جو ملکی اسٹیل انڈسٹری کو فیڈ کرتا ہے اور ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ دنیا بدل رہی ہے۔
میر ظہور بلیدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان نے شپ بریکنگ کے حوالے سے ایکٹ کی منظوری دی ہے، اور گڈانی کی پانچ نمایاں کمپنیوں نے شپ ری سائیکلنگ کے تقاضے سمجھتے ہوئے اپنی صنعت کو پائیدار، محفوظ اور بین الاقوامی سطح پر قابلِ قبول بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ یہی وژن ہے جس کے تحت PSBA اور Bureau Veritas نے ہاتھ ملایا اور Hong Kong International Convention for the Safe and Environmentally Sound Recycling of Ships کے اصولوں کے مطابق اپنی شپ یارڈز کو سرٹیفائیڈ کروایا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن گواہی دیتا ہے کہ پاکستان کی شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری نہ صرف بیدار ہو چکی ہے بلکہ بین الاقوامی معیار اپنانے، اپنی ساکھ بہتر بنانے اور عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ حکومتِ پاکستان، وزارتِ میری ٹائم افیئرز اور تمام ریگولیٹری ادارے بلیو اکانومی سیکٹر کے لیے ہمیشہ ایک پیج پر رہیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈی جی آئی ایل او کا یہ دورہ آئی ایل او کو میری ٹائم سیکٹر اور بلیو اکانومی پر تبادلہ خیال کا بہتر موقع فراہم کرے گا۔
پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے فوکل پرسن سلیم الزمان نے بریفنگ میں بتایا کہ گرین یارڈ منصوبے کے سلسلے میں 5 کمپنیاں کمپلائنس حاصل کر چکی ہیں اور 17 کمپنیوں کی سرٹیفکیشن زیرِ تکمیل ہے۔ گرین یارڈ کی منصوبہ بندی کے لیے جرمن فرم GSR کی گائیڈ لائن حاصل کی گئی ہے اور ایسوسی ایشن شپ بریکنگ انڈسٹری کو گرین یارڈ بنانے کے لیے متحرک اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ شپ بریکرز نے انڈسٹری کی ترقی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے عزم کو معاشی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ظہور بلیدی نے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اور سیکرٹری اوورسیز کو وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے قالین کا تحفہ پیش کیا۔
تقریب میں سیکرٹری لیبر صالح محمد ناصر، پراجیکٹ ڈائریکٹر گڈانی پراجیکٹ سعید عمرانی، کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطاء، ایڈوائزر بی ڈی اے کیپٹن (ر) جاوید خان، ڈپٹی کمشنر حب جمعداد مندوخیل، ڈی آئی جی لسبیلہ ڈویژن عبدالقیوم پتافی، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر منیر احمد بزنجو، انجینئر صلاح الدین قمبرانی، انجینئر شاہد بلوچ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ فنانس بی ڈی اے اعظم وردگ، اے جی ایم شپ بریکنگ محبت خان بابر، اسسٹنٹ کمشنر حب مہیم خان گچکی، چیئرمین گڈانی میونسپل کمیٹی اور پاکستان شپ بریکرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان رفیق سلام، عبدالغنی، فرخ پنجوانی، الطاف گھانچی، شریف پراچہ، تحسین میمن اور دیگر شریک ہوئے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











