گوادر میں کھلی کچہری: اسسٹنٹ کمشنر رومیل نعیم جان نے شہریوں کی شکایات سنیں، اشیائے خورونوش کی نگرانی کی ہدایت

گوادر: صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گوادر کے زیرِ اہتمام عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے کی۔ اسسٹنٹ ضلعی آفیسر پولیس چاکر خان بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری میں عوامی مسائل، اشیائے خورونوش کے معیار، تعلیمی اداروں کی بہتری، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور تمام محکموں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے اور فیلڈ میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تاکہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ادراک کر کے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
کھلی کچہری میں آٹا، دودھ اور دیگر روزمرہ اشیا کے معیار، قیمتوں اور دستیابی کی نگرانی پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ حکام مؤثر نگرانی کریں اور خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
تعلیمی اداروں میں تدریسی ماحول اور سہولیات کی بہتری، اساتذہ اور والدین کے درمیان مؤثر رابطے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ اسی طرح شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانے، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں سے متعلق مسائل کے حل اور آمدورفت سہل بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات دی گئیں۔
کھلی کچہری میں بتایا گیا کہ تمام محکمے باہمی رابطہ اور تعاون مزید مضبوط بنائیں، عوامی شکایات پر فوری توجہ دیں اور سرکاری امور میں شفافیت، جواب دہی اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ صوبائی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات شہریوں تک پہنچ سکیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











