گوادر میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس: 46 میں سے 40 خصوصی افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی سفارش

گوادر: حکومتِ بلوچستان کی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، سماجی تحفظ اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی پالیسی کے تحت میڈیکل سوشل سروسز سنٹر، میر عبدالغفور کلمتی ٹیچنگ ہسپتال گوادر میں افرادِ باہم معذوری کی رجسٹریشن اور معذوری سرٹیفکیٹس کے اجراء کے لیے میڈیکل بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوادر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کی، جس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر واجہ محمد حسن، میڈیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر ثناء عابد سہرابی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فاروق، سوشل ویلفیئر آفیسر میڈیکل سوشل سروسز سنٹر عبیداللہ سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر کے متعلقہ افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
میڈیکل بورڈ نے خصوصی افراد کی رجسٹریشن کے لیے موصول درخواستوں اور متعلقہ طبی کیسز کا تفصیلی طبی و قانونی جائزہ لیا۔ مجموعی طور پر 46 درخواستوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 40 درخواست گزاروں کو طبی معائنے اور مقررہ معیار پر پورا اترنے کی بنیاد پر معذوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ 2 درخواستیں مقررہ طبی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث مسترد کر دی گئیں۔ مزید 4 درخواست گزار بورڈ کے سامنے پیش نہ ہو سکے جن کے کیسز کا فیصلہ آئندہ پیشی کے بعد کیا جائے گا۔
میڈیکل بورڈ کے اراکین نے کہا کہ خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور معذوری سرٹیفکیٹس کے اجراء کا عمل شفاف، منصفانہ، میرٹ اور مقررہ طبی معیار کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ حقیقی مستحق افراد کو ان کے حقوق اور حکومت کی فلاحی، سماجی تحفظ اور دیگر معاون سہولیات تک رسائی یقینی بنائی جا سکے۔


تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











