گوادر: اے ڈی سی ڈاکٹر عبدالشکور نے کوہِ باطل وزیٹرز پارک پر کام کی رفتار غیر تسلی بخش قرار دے دی

گوادر: ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے بی ایس ڈی آئی (BSDI) فیز-II کے تحت پاکستان پوائنٹ، کوہِ باطل میں زیرِ تعمیر وزیٹرز پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے منصوبے پر کام کی رفتار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تمام ضروری مشینری اور افرادی قوت کو فوری طور پر متحرک کیا جائے تاکہ منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ایس ڈی او بلڈنگز کو بھی ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے معیار پر کڑی نظر رکھی جائے، باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد معیاری تفریحی سہولت میسر آ سکے۔
اس موقع پر کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی قیادت میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی شفاف، معیاری اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ گوادر کو ایک جدید، خوبصورت اور ترقی یافتہ ساحلی شہر بنانے کے حکومتی عزم کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











