کوئٹہ میں بی آئی ایس پی کی نئی رجسٹریشن شروع، 2 لاکھ بچے اور 2 لاکھ سے زائد خواتین نشوونما پروگرام میں شامل

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت کوئٹہ ڈویژن میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت جاری اقدامات اور پروگرام کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی اور اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی ڈاکٹر جلال فیض نے مستحق خاندانوں کو مالی معاونت، مستحقین کی رجسٹریشن و سروے، ادائیگیوں کے طریقہ کار اور شفافیت سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ ڈویژن میں کفالت پروگرام، وسیلۂ تعلیم اور نشوونما پروگرام سمیت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ کوئٹہ میں دو ڈائنامک رجسٹری سینٹرز (DRCs) اور رجسٹریشن کے لیے ایک موبائل وہیکل کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں تقریباً دو لاکھ بچوں اور دو لاکھ سے زائد خواتین کو بے نظیر نشوونما پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، خواتین کے لیے ڈیجیٹل والٹس بنائے گئے ہیں اور انہیں سمز بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔ نئے مستحقین اور خواتین کی رجسٹریشن کل سے ڈائنامک رجسٹری سینٹرز اور موبائل وہیکل کے ذریعے شروع ہوگی، جس میں ان خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا جن کی تاحال رجسٹریشن نہیں ہو سکی۔
کمشنر ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کا ماہانہ پلان شیئر کیا جائے تاکہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی سطح پر مؤثر نگرانی ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے ہسپتالوں میں نشوونما پروگرام کے تحت خواتین اور بچوں کے علاج، غذائی ضروریات اور فوڈ سپلیمنٹ سے متعلق اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ کم آمدن اور مستحق خاندانوں کو مالی معاونت ایک اہم سماجی ذمہ داری ہے اور اداروں کے مؤثر رابطے، تعاون اور نگرانی سے پروگرام کے ثمرات بہتر انداز میں مستحقین تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔ اجلاس میں پروگرام کو درپیش مسائل، ان کے حل اور رجسٹریشن کا عمل مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











