کمشنر کوئٹہ ذیشان لاشاری کا ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کا دورہ، 150 بیڈز، 4 آئی سی یوز اور پیپر لیس نظام پر بریفنگ

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یوز اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹراما سینٹر میں کوئٹہ اور صوبے کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، ایچ آر اور دیگر عملہ 24 گھنٹے موجود رہتا ہے۔ ٹراما سینٹر تقریباً 150 بیڈز پر مشتمل ہے، خواتین مریضوں کے لیے الگ وارڈ قائم ہے اور پیپر لیس ورکنگ سسٹم رائج ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مرکز میں چار آئی سی یوز، متعدد وارڈز اور جدید آپریشن تھیٹرز موجود ہیں، جبکہ ایکسرے، سی ٹی اسکین اور لیبارٹری سمیت تشخیصی سہولیات 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ مریضوں کے لیے خصوصی کارڈ بھی جاری کیا گیا ہے جس سے وہ آئندہ بھی اپنی طبی سہولیات اور ریکارڈ سے استفادہ کر سکتے ہیں، اور مریض کے ساتھ ایک وقت میں صرف ایک تیماردار کی اجازت ہے۔
بروقت علاج جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے: کمشنر
کمشنر ذیشان لاشاری نے کہا کہ ٹراما سینٹر کوئٹہ صوبے کے اہم اور جدید طبی مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ ایمرجنسی اور ٹراما کی صورت میں بروقت علاج انسانی جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے یہاں کی سہولیات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔
انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ طبی سہولیات کا معیار مزید بہتر بنایا جائے، مریضوں اور لواحقین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید آلات کی موجودگی کے ساتھ ان کا مؤثر استعمال بھی ضروری ہے۔ بریفنگ کے بعد کمشنر نے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے طبی خدمات کا جائزہ لیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











