ژوب: ڈپٹی کمشنر محمد عارف زرکون کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے دوسرے روز کا جائزہ اجلاس

ژوب: ڈپٹی کمشنر ژوب محمد عارف زرکون کی زیرِ صدارت قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوسرے روز کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مہم کے دوران حاصل ہونے والے اہداف، ٹیموں کی کارکردگی، درپیش مسائل اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ژوب محمد نوید عالم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان، عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈویژنل و ضلعی نمائندوں، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو پروگرام کے حکام نے شرکت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں پولیو ٹیمیں مقررہ مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی ہیں۔ روزانہ کے اہداف، باقی رہ جانے والے بچوں تک رسائی، فیلڈ کے چیلنجز اور ان کے حل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عارف زرکون نے ہدایت کی کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے اور تمام ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، عالمی ادارۂ صحت اور دیگر شراکت دار مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
اجلاس میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی، حساس علاقوں میں حفاظتی انتظامات اور مہم کی موثر نگرانی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجود تمام ٹیموں کو مکمل تحفظ اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، اور والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اجلاس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ ضلع ژوب میں مہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لے کر کسی بھی خامی کو فوری دور کیا جائے گا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











