ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم لورالائی عبدالواسع خان کاکڑ کا دکی کا اچانک دورہ، اسکولوں کا معائنہ

دکی: ڈویژنل ڈائریکٹر لورالائی ڈویژن عبدالواسع خان کاکڑ نے سپرنٹنڈنٹ ملک نجیب اللہ خان کاکڑ کے ہمراہ ضلع دکی کا اچانک دورہ کیا اور مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کلاس رومز کا جائزہ لیا، طلبہ سے اسباق سنے اور تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول دکی کے دورے میں انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ سے نصابی اسباق سنے اور مختلف سوالات کر کے ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔
عبدالواسع خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے اور ملک کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے اور ہماری اولین ذمہ داری بچوں کو معیاری تعلیم دینا ہے تاکہ یہی بچے مستقبل میں ڈاکٹر، انجینئر، پروفیسر، پائلٹ، سائنسدان اور دیگر شعبوں کے ماہر بن کر اپنے علاقے، صوبے اور ملک کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے ترقی اور خوشحالی حاصل کی انہوں نے تعلیم، تحقیق اور علم کو بنیاد بنایا، آج کا طالب علم ہی کل کا معمارِ قوم ہے، اس لیے اساتذہ اور والدین دونوں پر بچوں کی تعلیم و تربیت کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
تعلیمی دفاتر سے بریفنگ
ڈویژنل ڈائریکٹر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دکی سید امیر شاہ بخاری کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلع کے تعلیمی معاملات، سرکاری اسکولوں کی صورتحال اور اساتذہ و طلبہ کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن فیمیل دکی کے دفتر میں انہیں گرلز مڈل اسکولوں اور خواتین کے تعلیمی اداروں کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، جبکہ مڈل بوائز اسکولوں سے متعلق ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن اشو کمار کے دفتر میں انہیں ان اسکولوں کی تعلیمی صورتحال، اساتذہ کی کارکردگی، طلبہ کی حاضری اور تدریسی نظام کے بارے میں معلومات دی گئیں۔
عبدالواسع خان کاکڑ نے تمام تعلیمی افسران پر زور دیا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، طلبہ و طالبات کی حاضری یقینی بنانے اور تدریسی سرگرمیاں مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی ایک محکمے یا چند افراد کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، اور اگر آج ہم نے بچوں کی تعلیم پر توجہ نہ دی تو آنے والی نسلیں ہم سے سوال کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو ایسا تعلیمی ماحول دینا ہوگا جہاں وہ علم کے ساتھ کردار، نظم و ضبط، اخلاق اور حب الوطنی بھی سیکھ سکیں، اور تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، تدریسی معیار اور طلبہ کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ہماری آج کی محنت ہی بچوں کے روشن مستقبل اور ملک کی ترقی کی ضمانت بن سکتی ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











