ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواسع خان کاکڑ کا موسیٰ خیل اور رکنی کے اسکولوں کا دورہ

لورالائی: ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن لورالائی ڈویژن و کوہِ سلیمان ڈویژن (اضافی چارج) عبدالواسع خان کاکڑ نے دونوں ڈویژنوں کے مختلف تعلیمی اداروں کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ملک نجیب خان کاکڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کنگری موسیٰ خیل، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کنگری موسیٰ خیل، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول رکنی اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رکنی سمیت مختلف اداروں کا معائنہ کیا گیا اور طلبہ و طالبات کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، تعلیمی ماحول، اساتذہ کی کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
عبدالواسع خان کاکڑ نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے اور بنیادی تعلیم بچے کے روشن مستقبل کی پہلی سیڑھی ہے۔ تعلیم صرف کتابیں پڑھنے کا نام نہیں بلکہ شعور، کردار، اخلاق اور ذمہ داری کی تعمیر کا ذریعہ ہے، اور ہر بچے اور بچی کو بلاامتیاز تعلیم کے یکساں مواقع دینا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور خلوص سے انجام دیں اور کسی غفلت یا کوتاہی سے گریز کریں، کیونکہ باقاعدہ حاضری، مؤثر تدریس، نظم و ضبط اور بچوں سے مثبت رویہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ لورالائی اور کوہِ سلیمان ڈویژن میں تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ دورے کے دوران اسکول انتظامیہ اور اساتذہ سے تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











