چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی زیر صدارت جی ڈی اے کا جائزہ اجلاس، آمدن بڑھانے اور پانی کی فراہمی پر غور

کوئٹہ/گوادر: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی، مالیاتی اور ترقیاتی امور سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ بلوچستان زاہد سلیم سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے گوادر میں جاری اور مکمل منصوبوں، شہر کی تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جی ڈی اے گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کو جدید تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق ترقی دے رہا ہے۔
میونسپل سروسز کے تحت شاہراہوں، گلیوں اور بیچز کی صفائی، ڈرینج اور سیوریج لائنوں کی دیکھ بھال، گرین بیلٹس اور گراؤنڈز میں شجرکاری، درختوں کی حفاظت اور واٹر سپلائی و ڈسٹری بیوشن کے نظام کی نگرانی جیسی خدمات انجام دی جا رہی ہیں، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے بھی باقاعدہ کارروائیاں جاری ہیں۔ اجلاس میں جی ڈی اے کے انتظامی ڈھانچے، ہیومن ریسورس، مالیاتی امور، بجٹ، رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز اور اضافی مالی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شادی کور سے پانی کی فراہمی
ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ سوڈ ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے بعد اس وقت شادی کور سے روزانہ پانی پمپ کر کے گوادر شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ پمپنگ اسٹیشن پر بجلی دستیاب نہ ہونے کے باعث جنریٹرز سے پمپس چلائے جا رہے ہیں جس سے ایندھن اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، اور اس کے لیے اضافی فنڈز درکار ہیں۔ شادی کور پمپنگ اسٹیشن کو پسنی گرڈ اسٹیشن سے علیحدہ فیڈر کے ذریعے بجلی کی فراہمی کا پی سی ون صوبائی حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جا چکا ہے، جس پر جلد پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بریفنگ میں کھیلوں کے میدانوں، پارکس، تفریحی مقامات، جی ڈی اے اسکول و ہسپتال، شاہراہوں کے نیٹ ورک، ماہی گیری کی سہولیات، جیٹیز اور بریک واٹرز کا بھی ذکر کیا گیا۔ اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے تحت ملا فاضل چوک کو، جو کئی ادوار سے سیوریج اور ڈرینج کا ابلتا تالاب بن گیا تھا، جدید اور خوبصورت چوک میں تبدیل کیا گیا، جبکہ دیمی زر پر سڑک کی تعمیر، جدید ڈرینج نظام اور بیچ ایریا کی صفائی و خوبصورتی سے اسے صاف ستھری شہری جگہ بنایا گیا ہے۔
آمدن میں اضافہ اور جی ڈی اے اسکول
چیف سیکرٹری نے جی ڈی اے کی آمدن بڑھانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے، موجودہ وسائل کے مؤثر استعمال اور مالی استحکام کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جی ڈی اے ہسپتال کی آؤٹ سورسنگ کے کامیاب تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے جی ڈی اے اسکول کو بھی کسی مستند اور تجربہ کار ادارے کے ذریعے چلانے کے امکان کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ جی ڈی اے گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں آمدن میں اضافے، مالی خود انحصاری، اسکول کے لیے موزوں انتظامی ماڈل اور نان ڈویلپمنٹ بجٹ سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل پیدا کرنے سے متعلق جامع سفارشات پیش کی جائیں۔ اجلاس میں گوادر کی پائیدار شہری ترقی اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جی ڈی اے کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











