پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر میں ایم آر آئی اور نئے آئی سی یو، چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ

کوئٹہ/گوادر: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام بلوچستان بھر میں قائم مختلف ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات، آئندہ توسیعی منصوبوں اور درپیش ضروریات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) زاہد سلیم، سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن خان، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کراچی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری، چیف آپریٹنگ آفیسر مظہر احمد صدیقی، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر شامل، ڈائریکٹر آپریشن ساؤتھ ڈاکٹر عفان فائق زادہ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، چیف انجینیئر جی ڈی اے حاجی سید محمد اور ہیڈ آف کیمپس جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال ڈاکٹر ناصر شیخ سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
فنڈز کے دوبارہ اجرا کا فیصلہ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ہسپتال کے لیے مختص فنڈز مکمل طور پر جاری نہ ہونے کے باعث بعض اہم شعبہ جات پر منصوبہ بندی کے مطابق کام مکمل نہیں کیا جا سکا۔ اس پر فیصلہ کیا گیا کہ ان فنڈز کے دوبارہ اجرا کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تمام منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔
اجلاس میں ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد نئے شعبہ جات کے قیام اور موجودہ خدمات کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں ایم آر آئی مشین کی خریداری اور تنصیب، جدید ڈائیلائسز یونٹ، نوزائیدہ بچوں کے لیے جدید انکیوبیٹرز، نئے آئی سی یو یونٹس، جدید ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نئے آپریشن تھیٹرز، جدید لیبارٹری کی مکمل فعالیت، جبکہ آنکھوں کے شعبہ، ای این ٹی اور کارڈیالوجی کی خصوصی سہولیات کے قیام پر جلد عملی پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔
مکران کے لاکھوں شہریوں کے لیے مفت علاج
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر مکران کے لاکھوں شہریوں کو معیاری اور جدید طبی سہولیات مفت فراہم کرنے والا ایک انتہائی اہم طبی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کے قیام سے قبل گوادر اور مکران کے عوام کو علاج کے لیے کراچی، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب انہیں اپنے علاقے میں ہی بین الاقوامی معیار کی طبی خدمات دستیاب ہیں، جو موجودہ حکومت کا ایک اہم عوامی فلاحی اقدام ہے۔
چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی تمام ضروریات، جدید طبی آلات، افرادی قوت اور مالی وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مزید بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات مل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال کو جنوبی بلوچستان کا ایک جدید اور مثالی طبی مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











