لورالائی میں میونسپل کمیٹی کی صفائی مہم جاری، شہر کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھایا گیا

لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محب اللہ خان کی نگرانی میں عملہ کچرے کی صفائی و منتقلی، نالیوں کی صفائی اور جھاڑو لگانے میں مصروف ہے، اور سوزوکی و ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے کچرا مناسب مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ٹیچنگ ہسپتال، سبزی منڈی، پہاڑی محلہ، حافظ سلطانہ دین کونسلر وارڈ، تحصیل روڈ، امبالہ گلی، غازی ارسلان خان روڈ، صدر بازار، باگی بازار، کاکڑی مسجد روڈ، حبیب پلازہ، سینما گلی، پنجابی محلہ، جامعہ مسجد ندی اور ٹپ کالونی سمیت مختلف علاقوں میں صفائی کی گئی۔
عملے کی جانب سے شہر کے درختوں کو پانی دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ شہر کو سرسبز اور صاف رکھا جا سکے۔ شہریوں کو آوارہ کتوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مہم بھی جاری ہے اور سپروائزر سلیم داد ولی محمد کی نگرانی میں ٹیچنگ ہسپتال کے علاقے میں آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
میونسپل کمیٹی حکام نے کہا کہ صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور صفائی کے عملے سے تعاون کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











