قلات میں 2 سے 5 نومبر تک پولیو مہم، 19 یونین کونسلز میں 40269 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

قلات: اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ پولیو مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مجتبیٰ باجوئی، ڈی ایم پی پی ایچ آئی جہانگیر زہری اور ڈی ایس پی قلات شکیل عمرانی سمیت محکمہ صحت قلات اور دیگر محکموں کے سربراہان اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈبلیو ایچ او کے DPO ڈاکٹر مجتبیٰ باجوئی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم 2 نومبر 2026 سے شروع ہو کر 5 نومبر 2026 تک چار روز جاری رہے گی۔ مہم میں ضلع قلات کی دو تحصیلوں کے 19 یونین کونسلز میں 40269 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، اور پولیو ٹیمیں پیدائش سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر ندیم اکرم نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور بچوں کو اس سے بچانے کے لیے قطرے پلانا بہت ضروری ہے۔ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے بچوں کا صحت مند ہونا ضروری ہے اور پولیو سے پاک معاشرے کے لیے ہم سب کو مل کر لڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے خطیب، علمائے کرام، صحافی برادری اور شعراء و ادباء کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیو سے متعلق لوگوں میں شعور اجاگر کریں۔ مانیٹرنگ ٹیمیں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ کوئی بچہ قطرے پیے بغیر نہ رہ جائے، اور مہم کے دوران کوئی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











