قلات میں کھلی کچہری: لوڈ شیڈنگ، پینے کے پانی، صفائی اور تنخواہوں کے مسائل اجاگر

قلات: حکومت بلوچستان کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ قلات کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی کی سربراہی میں منعقدہ کھلی کچہری میں تمام محکموں کے سربراہان، علاقہ معززین اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ، شہر میں صفائی، نیو مغلزئی 3 میں پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی تعمیر، مصطفیٰ آباد سمندر کی سڑک کو بلیک ٹاپ کرنے، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوئنگ کو یونین کونسل ایم سی سے نکال کر یونین کونسل ملکی میں شامل کرنے، میونسپل کمیٹی کے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور دیگر اہم مسائل اجاگر کیے گئے۔
میونسپل کمیٹی کے چیئرمین نوابزادہ شعیب جان زہری کے نمائندے نے تمام وارڈز میں جاری صفائی مہم سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔
تحصیلدار حاجی عبدالغفار لہڑی نے لوگوں کے مسائل توجہ سے سنے اور انہیں فوری حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر انجینیئر عائشہ زہری کی سربراہی میں علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کھلی کچہری میں حاجی غلام قادر عمرانی، محمد حنیف، محمد وارث، عبدالخالق سمالانی، قاری غلام مصطفیٰ نیچاری، مصطفیٰ پردیسی اور دیگر نے مسائل اجاگر کیے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











