سوراب: ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس، طبی عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ

سوراب: ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ایس، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر یوسف، سپرنٹنڈنٹ فضل محمد قمبرانی اور خزانہ افسر مسعود احمد سمیت محکمہ صحت کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں ضلع بھر میں طبی سہولیات، ڈاکٹروں و طبی عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، اسپتالوں کی کارکردگی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام طبی مراکز میں عملے کی بروقت حاضری، معیاری علاج، صفائی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











