سرفراز بگٹی کی نواں کلی طیارہ حادثے میں جانیں بچانے والے نوجوان حکمت اللہ سے ملاقات

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوان کی بہادری اور جرات کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ایسے باہمت نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل اور ہنگامی حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ جیسے نوجوان بلوچستان کا قابل فخر سرمایہ اور دوسروں کے لیے قابل تقلید مثال ہیں۔
سیکیورٹی فورسز سے وابستگی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک و قوم کے تحفظ اور ایک محفوظ و روشن مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ نواں کلی میں طیارہ حادثے کے مقام پر انسانی جانیں بچانے کے لیے نوجوانوں کا آگے بڑھنا اس حقیقت کا عملی اظہار ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ محبت اور وابستگی رکھتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں حقیقت کے برعکس ہیں۔ ایسے واقعات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ بلوچستان کے عوام ہر جگہ اور ہر حال میں اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت، جرات اور دوسروں کی جان بچانے کے لیے عملی کردار ادا کرنا قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ معاشرے میں ایسے مثبت کرداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی تاکہ نوجوانوں میں خدمتِ خلق، ذمہ داری اور قومی یکجہتی کے جذبات مزید فروغ پائیں۔











