دکی میں ISD کوآرڈینیشن اور تیسری سہ ماہی کا جائزہ اجلاس، صحت کے پروگراموں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت انٹیگریٹڈ سروس ڈیلیوری (ISD) کے تحت ڈسٹرکٹ لیول کوآرڈینیشن اجلاس اور تیسری سہ ماہی (Q3) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ISD کوآرڈینیٹر صدام حسین، ڈی ایم پی پی ایچ آئی قاہر خان، ای پی آئی آفیسر ڈاکٹر پیر محمد، این اسٹاپ ڈاکٹر عزیز اللہ، ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر عبداللہ جان اور سی سی او سعید احمد سمیت محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع دکی میں بنیادی صحت کی سہولیات، حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام، پولیو کے خاتمے کی سرگرمیوں، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، صاف پانی و صفائی اور دیگر طبی خدمات کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ISD کوآرڈینیٹر صدام حسین نے جاری پروگرامز، مختلف شعبوں کی کارکردگی اور تیسری سہ ماہی کی پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ شرکاء کو صحت مراکز میں خدمات، حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج، پولیو مہمات اور خواتین و بچوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سمیت درپیش مسائل اور ان کے حل کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو بنیادی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے صحت کے تمام پروگرامز کی مؤثر نگرانی اور بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ISD کے تحت اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے خواتین اور بچوں کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، پولیو کے مکمل خاتمے، غذائیت اور صاف پانی و صفائی سے متعلق خدمات پر خصوصی توجہ دینے، دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات مزید مؤثر بنانے اور فیلڈ عملے کی حاضری و کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت عامہ کے کسی بھی پروگرام میں غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر تیسری سہ ماہی کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ سہ ماہی میں کارکردگی مزید بہتر بنانے اور عوام کو بروقت، مؤثر اور معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











