جیوانی: 250 دو بیست پنجا میں کارروائی، تین ہوٹلز اور 15 غیر قانونی ڈپوز سیل، ممنوعہ ادویات ضبط

جیوانی: ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جیوانی طارق امام بلوچ نے دو بیست پنجا (250) کے دورے کے موقع پر مختلف ہوٹلز، دکانوں، میڈیکل اسٹورز اور کلینکس کا معائنہ کیا۔
زائد نرخوں پر اشیاء کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر تین ہوٹلز سیل کرکے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ زائد المیعاد اشیاء اور نان کسٹم پیڈ سگریٹس قبضے میں لے لیے گئے۔ کارروائی کے دوران 15 غیر قانونی ڈپوز بھی سیل کیے گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیکل اسٹورز اور کلینکس میں لائسنسز، ادویات کے ریکارڈ اور دیگر قانونی تقاضوں کا جائزہ لیا، جہاں سے برآمد ہونے والی ممنوعہ ادویات قبضے میں لے کر ضبط کر لی گئیں۔ دکانداروں، ہوٹل مالکان اور میڈیکل اسٹورز و کلینکس کے مالکان کو مقررہ نرخوں کی پابندی، صفائی کے مناسب انتظامات اور تمام قانونی تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اشیاء مناسب نرخوں پر اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











