جامعہ تربت: بلوچی زبان کے تعلیمی پروگراموں کو ایچ ای سی گائیڈ لائنز اور اے آئی سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

تربت: جامعہ تربت کے انسٹی ٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر (آئی بی ایل سی) کے تعلیمی پروگراموں میں مزید جدت لانے اور انہیں ایچ ای سی گائیڈ لائنز اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور کی صدارت میں انسٹی ٹیوٹ کے اہم اجلاس میں ہوا، جس میں نئے داخلوں، تعلیمی پروگراموں میں جدت اور آئندہ بورڈ آف اسٹڈیز و فیکلٹی بورڈ کے اجلاسوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ بلوچی زبان و ادب اور ثقافت کی ترویج و تحفظ کے لیے تعلیمی پروگراموں کو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے بلوچی زبان و ادب کی ترویج کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی پر مبنی متعدد مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے نصاب کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈ لائنز اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے، معیار برقرار رکھنے اور یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان 2026-2030 کے اہداف کے حصول پر بھی زور دیا گیا۔ طے پایا کہ یہ تمام تجاویز و منصوبے حتمی منظوری کے لیے ڈیپارٹمنٹل بورڈ آف اسٹڈیز اور فیکلٹی بورڈ سمیت آئندہ آئینی اجلاسوں میں پیش کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں سید ہاشمی سال کی مناسبت سے رواں برس نومبر کے آخر میں ایک روزہ قومی سیمینار کے انعقاد کی بھی منظوری دی گئی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











